پارا چنار میں مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق 30 زخمی

پارا چنار: خیبر پختونخوا کے علاقے پارا چنار میں مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

افسوسناک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیموں کے کارکن جائے حادثہ پر پہنچے اور ایمبیولینس کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع کرم ڈاکٹر آفاق وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ پیواڑ میں ہونے والے افسوسناک واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچی اور امدادی کاروائیاں کرکے زخمیوں کو ملبے سے نکال دیا اور ہسپتال پہنچا دیا ہے۔

یہ حادثہ پارا چنار میں سرحدی علاقے پیواڑ میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے گھر میں شادی کی تقریب چل رہی تھی اور بہت سے افراد موجود تھے۔ امدادی ٹیموں کے مطابق گرنے والے مکان کی چھت کچی اور بوسیدہ تھی۔

مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پرائیوٹ گاڑیوں میں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایف ڈی ایم اے کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کرنے کا کہا گیا ہے اور زخمیوں کی بہتر طریقے سے علاج معالجہ کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ متاثرین کی مالی معاونت بھی کی جائے گی ڈپٹی۔ کمشنر نے مقامی لوگوں سے بھی زخمیوں کیلئے خون کی امداد کی اپیل کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے