سلیکٹڈ حکمران سے عوام نجات چاہتی ہیں،نصراللہ خان زیرے

کوئٹہ :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے حلقہ پی بی31کلی شاہنواز سریاب میں داد شاہ سمالانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ امیر وغریب، رنگ، نسل، زبان، فرقہ، مذہب سے بالا تر ہوکر عوام کی خدمت کررہی ہے، عوام کے مشکلات ومسائل کے حل کیلئے ہر فلور پر آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے حل کیلئے اقدامات کیئے جائینگے۔ کلی شاہنواز کے بجلی کے مسئلے کو حل کرکے نیا ٹرانسفارمر لگایا گیا اورٹرانسفارمر کی آئے روز خرابی، بجلی کی بندش سے کلی کے عوام کو نجات دیدی گئی۔اجتماع سے سابق کونسلر محمد نعیم اچکزئی، داد شاہ سمالانی اور حاجی پرکانی نے خطاب کیا۔اس موقع پرعلاقے کے متعبرین حاجی چاکر محمد حسنی، اسد محمد حسنی، حاجی سیف الدین زہری، نبی بخش جتک، ثناء اللہ سمالانی، اسد سمالانی، درمحمد سمالانی، شریف اللہ سمالانی، احسان اللہ سمالانی، سعید سمالانی، نیک محمد شہی ودیگر لوگ بھی موجود تھے۔ اس سے قبل جب پارٹی رہنماء کلی شاہنواز پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی31ایک وسیع علاقہ ہے صرف ایم پی اے کے فنڈز سے حلقے کے مسائل کا خاتمہ اور عوامی فلاح وبہبود کے ترقیاتی کام کرنا ممکن نہیں موجودہ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے حلقوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے جبکہ اپوزیشن کے رکن صوبائی اسمبلی کو فنڈز دینے کی بجائے غیر منتخب من پسند لوگوں میں فنڈز کی بندر بانٹ کرکے کرپشن وکمیشن کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔ ایسے اسکیمات کو صرف کاغذوں تک محدود رکھ کر عوام کے خزانے سے فنڈز نکالنے اور اسکیم کوبرسرزمین کی بجائے زیر زمین تعمیر کرنے کیلئے فنڈز کو ہڑپ کیا جارہا ہے عوام ایسے غیر منتخب لوگوں سے حساب لیں جنہیں حکومت غیر آئینی وغیر قانونی طور پر نوازنے کیلئے اسکیمات دے رہی ہیں۔ حکومت عوام کی فلاح وبہود اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے کسی بھی شعبے میں مخلص نہیں بلکہ ہر شعبہ زندگی میں عوام کو بدترین طور پر مشکلات ومسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ جس حکومت کا حصہ تھی اس وقت کے پی ایس ڈی پیز سے آج بھی ہر علاقے میں عوامی فلاح وبہود کے کام پائے تکمیل تک پہنچ رہے ہیں اور ہر اسکیم برسرزمین موجود ہیں اور عوام اس سے استفادہ حاصل کررہے ہیں، تعلیم،صحت، آبنوشی جیسے اہم شعبوں میں جس انداز میں ہم نے کام کیا ہے وہ ناقابل بیان ہے پشتونخوامیپ کے تمام اسکیمات عوام کیلئے تھے اور عوام ہی کے مطالبات پر ہر اسکیم کو انفرادی کی بجائے اجتماعی طور پر تکمیل کرکے اسے عوام کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے کی دعوت پر گزشتہ دنوں صوبائی حکومت کے وزراء، ڈپٹی اسپیکر اسمبلی، صوبائی مشیر ودیگر حکام نے حلقہ پی بی31کے مختلف جاری وتکمیل شدہ اسکیمات کا معائنہ کیا اور حلقے میں عوامی فلاح وبہود کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر حلقے میں منتخب نمائندہ ایسے اقدامات اٹھائیں تو یقیناً جہاں ایک جانب عوام کے مسائل حل ہونگے وہی حلقے کے عوام کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندہ عوام کے ووٹوں کی بدولت اسمبلی میں آتا ہے اور اپنے عوام کی نمائندگی کرنا اور ان کے مسائل کو اٹھانا اس کا حق ہوتا ہے اسمبلی فلور پر عوام کی ترجمانی جس انداز میں پشتونخوامیپ نے کی ہے وہ ترجمانی آج تک کسی نے بھی نہیں کی۔ پشتونخوامیپ نے عوام کے اجتماعی مفادات، ان کے حقوق واختیار، عوام کی ترقی وخوشحالی اور انہیں زندگی کے تمام بنیادی ضروریات فراہم کرنے، عوام کے سرومال کے تحفظ بالخصوص امن وامان کے قیام کیلئے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شہریوں کو نہ ہی گیس، نہ ہی بجلی اور نہ ہی پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی جارہی ہے شہری شدید سردی میں بھی صوبے کی پیداوار قدرتی گیس سے محروم ہے اور جہاں گیس فراہم کی جارہی ہے وہاں بھی پریشر کی شدید کمی کا مسئلہ تاحال برقرار ہے۔ یہی صورتحال بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہے پانی کی بوند بوند کو لوگ ترس رہے ہیں لوگ مہنگے داموں پانی کے ٹینکرز منگوا کر اپنا گزارا کررہے ہیں بلوں کی ادائیگیوں کے باوجود بھی نہ ہی پانی، گیس، بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ ایسے میں عوام شدید غم وغصے میں ہیں اور حکومت کے عوام دشمن اقدامات اور پالیسیوں سے شدید طور پر بیزار ہوچکے ہیں اور اس غم وغصے کا اظہار انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے 25اکتوبر کوئٹہ کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے دے دیا ہے کہ وہ ان سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں جنہوں نے عوام پر بدترین حالات مسلط کردیئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے