گلگت بلتستان میں صرف ہر طرف آج "شیر شیر اور شیر”ہی ہوگا :عظمی بخاری
لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے عثمان بزدار اور فردوس عاشق کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئےتحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تین چار ماہ قبل تو پی ٹی آئی کا گلگت میں نام و نشان نہیں تھا، الیکشن اعلان کے بعد ہمارے لوگ توڑے گئے اور ان کو پٹے ڈالے گئے۔ الیکشن سے آخری دن تک ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات ہوتے رہے لیکن الیکشن کمیشن کے سر پہ جوں نہیں رینگی
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے ڈھائی سالوں میں گلگت میں ایک گلی بھی نہیں بنائی، الزام تراشی، پروپیگنڈے اور جھوٹ کی سیاست آج گلگت میں دفن ہوجائے گی، گلگت کے عوام باشعور ہیں۔
نئے پاکستان اور تبدیلی کے مزے قوم نے چکھ لیے ہیں ،خدارا ایسا نیا گلگت بلتستان نہ ہمیں چاہیے نہ گلگت کی باشعور عوام کو چاہیے، گلگت بلتستان میں صرف ہر طرف آج "شیر شیر اور شیر”ہی ہوگا۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ پورے گلگت بلتستان میں نوازشریف اور حافظ حفیظ الرحمن کی تختیاں لگی ہیں، حافظ حفیظ الرحمن نے نوازشریف کی قیادت میں گلگت میں بلاتفریق ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔