اہم شخصیات کی پی پی میں شمولیت،پیپلز پارٹی گلگت میں حکومت بنائے گی،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر علی محمد جتک نے کہا ہے کہ آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے، مرکز سمیت تمام صوبوں میں پی پی حکومت بنائے گی، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مہنگائی، بے روزگاری اور ظلم کے خاتمے، جمہوریت، فیڈریشن اور ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے جدوجہد کی ہے، حالات کی نزاکت کو دیکھ کر ہر باشعور اور تعلیم یافتہ شخص پی پی سے اپنا ناطہ جوڑ رہا ہے، بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات کی پی پی پی میں شمولیت کے سلسلے میں جلد ہی جلسے کی تاریخ اور جگہ کا تعین کیا جائے گا، حکومت فوری طور پر کیچ کے برطرف اساتذہ کو بحال اور اوستہ محمد گنداخہ کو بنیادی حقوق دو تحریک کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو قبائلی و سیاسی رہنماؤں حاجی محمد عمر بنگلزئی، ملک محمد اکرم بنگلزئی،اخبار فروشاں کے شاہ جہان بلوچ، میر عبدالنبی سمالانی و دیگر کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، سینئر نائب صدر میر اکبر بنگلزئی، کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے صدر میر ولی محمد قلندرانی، میر ثناء اللہ ابابکی ودیگر بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران قبائلی و سیاسی رہنماؤں حاجی محمد عمر بنگلزئی، ملک محمد اکرم بنگلزئی، شاہ جہان بلوچ، میر عبدالنبی سمالانی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے سے غریب، پشان حال، لاچار اور بے بس انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے ان کی آواز بلند بنے ہیں، آج حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث عوام نان شبینہ کے محتاج ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ دوسری جانب پی پی کے دور حکومت میں نہ صرف عوام کو ریلیف فراہم ملا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملے اس لئے انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، صوبائی صدر علی مدد جتک و دیگر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنے لوگوں اور عوام کی بہتر انداز میں خدمت جاری رکھ سکے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک اور سید اقبال شاہ نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی قیادت کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کو فعال بنائیں گے۔ حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ نوجوانوں کو ادراک ہے کہ پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جو ملک کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے، پیپلز پارٹی کا ایک تاریخ ہے۔ 30نومبر کو پیپلز پارٹی کو 53 سال ہونے جا رہے ہیں ان 53سالوں میں پی پی پی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید بے نظیر بھٹو تک ہزاروں شہدا دئیے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو نے وزیر اعظم بن کر پہلا کام مذاکرات کے ذریعے95ہزار قیدیوں کو ملک رہا کروایا۔ عمران خان کا بڑا کارنامہ ایس ایس پی کی ٹرانسفر کروا کر اپنے بہنوئی کو پلاٹ دلوانا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ظلم، مہنگائی کے خلاف، جمہوریت، ملکی معیشت اور فیڈریشن کی مضبوطی کیلئے جدوجہد کی ہے، گلگت بلتستان میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت میں حکومت بنائے گی، عوام نے اپنا فیصلہ سلیکٹڈ حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کے حق میں دے دیا ہے۔ ملک کے تمام اکائیوں اور فیڈریشن میں آئندہ حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے شامل ہونے والوں نے وقت اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے پیپلز پارٹی کا حصہ بنے جو نظریہ کی بنیاد پر بلوچستان کی ترقی چاہتے ہیں اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دروازے کھلے ہیں اور ہم ہر قربانی کیلئے تیار ہیں، ہم نے پھانسی قبول کی اور جیلیں کاٹی تو عہدے کوئی معنی نہیں رکھتی، جلسے کی تاریخ طے کرنا باقی ہے جس کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئیں گے اور پھر دما دم مست قلندر ہوگا۔سید اقبال شاہ نے کہا کہ ضلع کیچ کے برطرف 114اساتذہ کو فی الفور ملازمت بحال کیا جائے۔بعد ازاں علی مدد جتک و دیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بیٹھے اوستہ محمد گنداخہ کو بنیادی حقوق دو تحریک کے شرکاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پہنچے اور انہیں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مکمل حمایت و تعاون کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے