الیکشن کمیشن نے بلوچستان اورپنجاب کے اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری
لاہور:الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے اثاثوں کی مالیت 41 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی احمد خان باچڑ 5 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان 13 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور رانا مشہود کے پاس 5 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اثاثوں کی مالیت 8 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ صوبائی وزیر علیم خان ڈیڑھ ارب روپے سے زائد اثاثوں کے مالک نکلے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی 22 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
صوبائی وزیر راجہ بشارت 2 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد اور صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ 11 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے رکن اسمبلی جان محمد جمالی ایک کروڑ 20 لاکھ روپے اور 40 ایکڑ زمین کی ملکیت کے علاوہ 60 تولے سونا اور 25 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی رکھتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سردار یار محمد رند 14 ہزار ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں موجود رہائشی پلاٹ کی مالیت 30 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ میں گھر 2 کروڑ روپے اور اسلام آباد میں ساڑھے 3 کروڑ روپے کا گھر ظاہر کیا گیا ہے۔
نواب اسلم رئیسانی 21 ارب روپے سے زائد اثاثے رکھنے والے امیر پارلیمنٹرین بن گئے اور ان پاس 19 کروڑ روپے کی زرعی زمین، ایک ارب 79 کروڑ روپے سے زائد کا رہائشی پلاٹ ہے۔