سپریم کورٹ کا ایڈیٹر انچیف جنگ میر شکیل الرحمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے 9 ماہ سے گرفتار جنگ اور جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو دس کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہاکر نے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے میر شکیل کو نو ماہ قبل 34 سال قںل خریدی گئی ایک اراضی کے ریفرنس میں گرفتار کیا تھا۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ نے میر شکیل الرحمان درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر مارکیٹ ریٹ کے مطابق 14کروڑ پچیس لاکھ گارنٹی اور پاسپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرا دیئے جائیں تو ہمیں ضمانت پر اعتراض نہیں،یہ بھی یقین دہانی کرائی جائے زیر التوا ٹرائل میں تعاون کریں گے۔

جسٹس مشیر عالم نے کہاآگر آپ کو اعتراض نہیں ہم ضمانت دے دیتے ہیں،تفصیلی وجوہات ہم عدالتی حکمنامے میں جاری کریں گے۔

اس موقع پر میر شکیل الرحمان کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمان کو 12 مارچ کو گرفتار کیا گیا،انکوائری سٹیج پر میر شکیل الرحمان کی گرفتاری عمل میں لائی گی،12 مارچ کو ہی وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے،4 لوگوں کے خلاف ریفرنس دائر ہو گیا،ان افراد میں سابق وزیر اعلیٰ محمد نواز شریف بھی ہیں۔

میر شکیل الرحمان کے وکیل نے مزید کہا کہ 22 مئی 1986کو میر شکیل الرحمان کو اس اراضی کی پاور آف اٹارنی ملی،ڈی جی ایل ڈی اے نے میر شکیل الرحمان کو خط لکھا،رقبہ پالیسی کے مطابق 54 کنال 5 مرلہ بنتا ہے،اس پورے معاملے میں قومی خزانے کا ایک دھیلے کا نقصان نہیں ہوا،میر شکیل الرحمان کو کنال کنال کے 54 پلاٹ ملے ہیں۔

جسٹس قاضی امین نے کہاکیا نیب نے قومی خزانے کو نقصان کا کوئی سوال اٹھایا ہے جس پروکیل درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایک روپے کے نقصان کا سوال نیب نے نہیں اٹھایا،اس کیس میں ایک نجی شخص نے شکایت کی ہے۔

جسٹس قاضی آمین نے کہا اینکرز اور تجزیہ کار عدالتوں کو نہ بتائیں ہم نے کیا کرنا ہے،فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں تنخواہ دار تجزیہ کاروں نے نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے