ملک میں غریب اور متوسط طبقے کے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ایک کروڑ گھر 50لاکھ نوکریاں دینے والی سرکارنے عوام کو تبدیلی کی صورت میں صرف مہنگائی کا تحفہ دیا ہے حکومت کے اپنے اعداد و شمار خود اسکی نااہلی کی گواہی دے رہے ہیں دو سالوں میں عوام کی آمدن منفی ہوئی اور مہنگائی کی شرح ساڑھے 10فیصد بڑھا دی گئی عوام اب نااہل حکومت کو مزید نہیں چلنے دیں گے، یہاں جاری اپنے ایک بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں ہوش ربا اضافے کے باعث عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے مہنگائی کی شرح کو 4فیصد سے بڑھا کر 10فیصد کرنا تبدیلی سرکار کا اہم ترین کارنامہ ہے ملک میں غریب اور متوسط طبقے کے لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی آڑ میں اپنی نااہلی چھپانا چاہتی ہے لیکن دو سال کے دوران کورونا وائرس موجود نہیں تھا تو انہوں نے مہنگائی کی شرح 10فیصد کیسے بڑھائی، انہوں نے کہا کہ جو حکومت قرض نہ لینے کی دعویدار تھی آج اس نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھواد یا ہے معاشی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے عوام اب نااہل حکومت کو مزید وقت دینے کو تیار نہیں ہیں حکومت کے اپنے اعداد و شمار اسکی نااہلی کی داستان بیان کر رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب عوام اپنی طاقت سے حکومت کو گھر بھیجیں گے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے