جنرل قادر بلوچ کوئٹہ پہنچ گئے،7نومبر کوایم پی ہاسٹل میں اجلاس طلب
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کوئٹہ پہنچ گئے 7نومبر کو ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں عہدیداروں، ہم خیال ساتھیوں، کارکنوں کے اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ بدھ کو کوئٹہ پہنچ گئے کوئٹہ آمد کے بعد بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 7نومبر کو ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں پارٹی عہدیداروں، ہم خیال ساتھیوں، کارکنوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر غور و غوض کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ میں جمہوری آدمی ہوں اور مجھے انہی ساتھیوں نے پارٹی کا صدر منتخب کیا تھا 10سالوں کے دوران جن ساتھیوں نے میرا ہر موقع پر ساتھ دیا ان سے مشاورت کو ضروری سمجھتا ہوں اور انہی کی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرونگا، انہوں نے کہا کہ میرے پارٹی چھوڑنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے سمیت دیگر امور پر بہت سے باتیں ہوئیں اپنے تحفظات پارٹی عہدیداروں،کارکنوں کے اجلاس میں کھل کر انکے سامنے رکھونگا اور اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشترکہ حتمی فیصلہ کریں گے