کوئٹہ میں گیس کا غائب ہونا روز کامعمول بن گیا،ملک سکندر ایڈووکیٹ،نصر اللہ زیرے

کوئٹہ :قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ وگردونواح میں گیس پریشر میں کمی اور مسلسل لوڈ شیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے گیس کمپنی کی جانب سے ہزاروں روپے بل تو وصول کئے جارہے ہیں لیکن گیس نہ ہونے کے برابر ہے بلوچستان کا گیس دوسرے صوبو ں کو دیا جارہا ہے حکومت اور گیس کمپنی کے حکام کے دعوے صرف دعوؤں تک محدود ہے عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا اگر کوئٹہ میں گیس کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل مزید سخت ہوگا ان خیالات کا اظہارانہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے سامنے گیس کی لوڈشیڈنگ،پریشر میں کمی اور ہزاروں روپے کے بل بھیجنے کیخلاف دیئے گئے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا دھرنے سے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے نے بھی خطاب کیا پیر کے روز کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کے گیس صارفین کی جانب سے کوئٹہ شہر میں گیس لوڈشیڈنگ،پریشر میں کمی اور گھریلوں صارفین کو ہزاروں روپے کے بل آنے کے خلاف گیس دفتر کے باہر دھرنادیا گیا دھرنے میں شہر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے گیس صارفین نے شرکت کی اس کے علاوہ جمعیت علماء اسلام پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تاجر برادری کے رہنماؤں اور کارکنوں نے دھرنے میں شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈرملک سکندر ایڈووکیٹ اور رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے کہا کہ بلوچستان میں گیس نکل تو رہا ہے لیکن بلوچستان ہی کے باسی اس قدرتی نعمت سے محروم ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گیس کا غائب ہونا روز کامعمول بن گیا ہے حکومت اور گیس حکام عوام کو گیس کی فراہمی میں ناکام ہوچکے ہیں اگر عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے جاسکتے تو حکمران کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں انہوں نے کہا کہ شہر کی عوام سردی کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں کوئٹہ ملک کا سرد ترین علاقوں میں سے ہے لیکن عوام کا احتجاج اور آواز پر حکمرانوں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ووٹ لیکر اقتدار میں آنے والے حکمران عوام کو گیس جیسی بنیادی ضرورت بھی فراہم نہیں کرسکتی انہوں نے کہا کہا ایک طرف گیس پریشر میں کمی،جبکہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے تو دوسری طرف کمپنی کی جانب سے صارفین کو ہزاروں روپے بل موصول ہوجاتے ہیں کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کی مالی حالت کمزور ہوچکی ہے ایسے میں غریب عوام ہزاروں روپے بل کہاں سے جمع کرائیں گے انہوں نے کہاکہ اگر فوری طور پر گیس کامسئلہ حل نہ کیا گیا تو کوئٹہ شہر کے عوام کے ساتھ ملکر سخت لائحہ عمل اپنا نے پر مجبور ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے