وزیراعظم کا دیامیر بھاشا ڈیم سائٹ کا دورہ، چیئرمین واپڈا کی منصوبے پر بریفنگ
گلگت: وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں دیامیر بھاشا ڈیم سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے انھیں منصوبے بارے بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان ںے ڈیم پر جاری کام کا جائزہ لیا اور مزدوروں سے گفتگو کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دیامیر بھاشا ڈیم ملک کے لیے اہم ترین منصوبہ ہے۔ جہاں اس ڈیم سے پانی ذخیرہ اور بجلی بنے گی، وہاں اس کی وجہ سے تربیلہ ڈیم کی کارآمد معیاد میں اضافہ ہوگا۔ اس سے روزگار کے مواقع ملیں گے اور معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
یاد رہے کہ پاکستان چین کی مدد سے یہ منصوبہ بنا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے رواں سال 15 جولائی کو دیامربھاشا ڈیم کے تعمیراتی منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔
افتتاح کے موقع پر عمران خان کے ہمراہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ ماضی میں ڈیموں کی تعمیر پر توجہ نہ دینا پاکستان کی غلطی تھی۔ یہ فیصلہ چالیس پچاس سال پہلے کیا گیا تھا اور اب اس منصوبے پر کام شروع ہو رہا ہے۔ یہ سب سے بڑی وجہ ہے کہ ہم ترقی نہیں کرسکے۔
ادھر حکومت پاکستان کو امید ہے کہ دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے سے 4500 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور 16000 سے زائد افراد کو روزگار ملے گا۔