بلوچستان ہمارا قابل فخرصوبہ ہے : مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں، سب کو جواب دینا ہو گا۔

لاہور میں ن لیگ کی ’’ شیر جوان تحریک‘‘ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ کا وزیراعظم عدالتوں میں پیش ہو سکتا ہے تو سب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس بٹھایا جائے تو ملک اور معیشت بیٹھ جاتے ہیں، جواب مانگیں تو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پر ہماری ہی زمین کے دروازے بند ہیں، جن مقاصد کے لیے پاکستان بنا ان پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا۔

شیر جوان تحریک سے متعلق انہوں نے کہا کہ شیرجوان ہائبرڈ حکومت کے خطرات سے آگاہ کرنے کی تحریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہر صوبے میں یہ تحریک شروع کی جائے، کل خیبرپختونخوا کے اسٹوڈنٹس نے شکوہ کیا کہ ہمیں نہیں بلایا گیا،خیبرپختونخوا میں بھی اس تحریک کا آغاز کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں نے قدم بڑھا دیا ہے، اب آپ نے قدم بڑھانا ہے، نوجوانوں کے ساتھ مل کر لڑیں گے، ملک کو غلامی سے آزاد کرائیں گے کیونکہ اس سے سے بڑی کوئی سزا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بنانے اور سیاسی شعوردینے کی تحریک ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ بلوچستان ہمارا قابل فخرصوبہ ہے جہاں سے اربوں روپے کی گیس پورے ملک میں سپلائی ہوتی ہے مگر حکومت نے بلوچستان کے نوجوانوں سےاسکالرشپس کا حق بھی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرنوازشریف کا ایک بھی مطالبہ آئین سے متصادم ہے تو میرا اور نوازشریف کا ساتھ ہرگز نہ دیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف عدلیہ کی آزادی کی بات کررہا ہے،حلف کی پاسداری کی بات کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے