سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے لیکن ریاست سے لڑائی زیادتی ہے : شیخ رشید
لاہور:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف سیاست کو ریاست پر فوقیت دے رہی ہے
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایاز صادق کے بیان پر بھارت میں شادیانے بجائے جا رہے ہیں اور ن لیگ کی طرف سے جو کچھ بھی کہا جا رہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی طرف سے جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہو گا۔ سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے لیکن ریاست سے لڑائی زیادتی ہے جبکہ خلفشار اور انتشار سے سیاسی قوتیں پچھتائیں گی۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان تمام بحرانوں سے سرخرو ہو کر نکل جائیں گے اور اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن مل سکتی ہیں تو ہم بھی ن لیگ سے بات کرسکتے ہیں کیونکہ ڈائیلاگ اور مذاکرات سیاسی جماعتوں میں ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہیں نہیں جا رہے وہ ادھر ہی رہیں گے اور اگر سیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں۔
عقل کے اندھوں کو اندازہ نہیں سیاست خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔