کوئٹہ جلسے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل سروس صبح 8 سے رات 9 بجے تک بند ہونے کا امکان

کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کل کوئٹہ جلسے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بند ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کل موبائل فون سروس بند کرنے پر غور شروع کردیا گیا ہے، موبائل فون سروس سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کی جاسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس صبح 8 سے رات 9 بجے تک بند کی جاسکتی ہے، اس سے قبل کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے لیے ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔
ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے لیے ہوگا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کل کوئٹہ میں حکومت مخالف جلسہ کرے گی، جلسے سے بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان خطاب کریں گے۔
قبل ازیں چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کے جلسے کی سیکیورٹی اور صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا تھا۔
چیف سیکریٹری نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی جس کے تحت اسلحہ لے کر آزادانہ گھومنے اور ڈبل سواری پر پابندی
ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے