آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن کا 22اکتوبر سے بلوچستان بھر میں ہڑتال کا اعلان
کوئٹہ:آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمدنعیم خان خلجی اور صدر حاجی رضا محمدخلجی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نان بائیان کو فوری طور پر 30روپے روٹی کا ریٹ دیا جائے بصورت دیگر 22اکتوبر سے بلوچستان بھر میں آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن ہڑتال کا اعلان کرتی ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور بلوچستان میں 100کلو گرام آٹے کی بوری 7ہزار روپے میں مل رہی ہے اور شہر میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے نان بائیان گیس کا سلنڈر 1400روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے اشیاء خوردنوش کی قیمت میں کئی گنااضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے نانبائیان کوروٹی 20روپے فروخت کرنے میں بھار ی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 2016ء میں فی روٹی 20روپے فروخت کرنے کا نرخ نامہ دیا گیا تھا آج پانچ سال گزرنے کے باوجود میں روٹی 20روپے میں فروخت کر رہے ہیں اب آٹے اور گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے کے باعث نانبائیان 20روپے میں روٹی فروخت کرنے سے قاصرہیں حکومت فوری طورپر 350گرام روٹی کا ریٹ 30روپے مقرر کرے بصورت دیگر آل بلوچستان تندورایسوسی ایشن 22اکتوبر سے بلوچستان بھر میں ہڑتال کا اعلان کرتی ہے۔