آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کا بلاول کو ٹیلی فون، کراچی واقعے پر تبادلہ خیال
کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹیلی فون کیا ہے۔ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلاول بھٹو زرداری سے کراچی واقعے پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے آرمی چیف کی جانب سے کراچی واقعے کا فوری نوٹس لینے پر اظہار ستائش کیا۔بلاول نے کراچی واقعے پر فوری شفاف انکوائری کی ہدایات دینے پر آرمی چیف کو سراہا۔
خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پر مقدمے اور گرفتاری کیلئے پولیس حکام پر دباؤ کے معاملے پر آئی جی سندھ سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اس صورتحال پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی پریس کانفرنس کی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے محکمانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
پریس کانفرنس کے بعد آرمی چیف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کور کمانڈر کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا اور اب وزیراعظم نے بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔