صوبائی وزراء اور کرایے کے ترجمان حواس باختہ ہوچکے ہیں، علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اورسیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جمہوریت پسند قوتوں اور عوام کے ساتھ مل کر ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور اس جعلی حکومت کو گھر بھیجنے تک جدوجہد جاری رکھے گی، گو نیازی گو پاکستان کا مقبول ترین نعرہ بن چکا ہے سلیکٹڈ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی بجائے اپنا بوریا بستر باندھنے کی تیاریاں کریں،عوام نے حکومتی دھمکیوں کو جوتے کی نوک پر رکھ کر جلسہ عام میں شرکت کرکے سلیکٹیڈ حکمرانوں کومسترد کردیاہے جس کا واضح ثبوت وفاقی اور صوبائی وزراء اور کرایے کے ترجمانوں کی پریس کانفرنسیں ہیں۔یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی صوبائی،ضلعی اور سٹی کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور کراچی میں ہونے والے پیڈی ایم کے جلسے تاریخ ساز تھے جس کے نتیجے میں اقتدار کے ایوانوں میں ہلچل پیدا ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جلسے کے بعد سے حکمرانوں کی نیندیں اڑ چکی ہیں اور وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں کراچی سے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پی ڈی ایم کے خلاف سازش اور وفاق کی جانب سے صوبائی امور میں مداخلت کی بدترین مثال ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں اپنے اتحاد و اتفاق سے ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گی۔انہوں نے کہا کہ جلسوں میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ااہل حکمرانوں سے بے زار آچکے ہیں اور عوام کا مطالبہ ہے کہ سلیکٹڈ اور نا اہل وزیراعظم فوری طور پر استعفیٰ دیں۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے دو کامیاب جلسوں کے بعد نا اہل اورسلیکٹڈ وفاقی اور صوبائی وزراء اور کرایے کے ترجمان حواس باختہ ہوکر جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کر رہے ہیں کیونکہ انہیں نظر آرہا ہے کہ انکی تنخواہیں بند ہونے والی ہیں۔انہوں نے کہا کہ25اکتوبر کوکوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا جس سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جلسے میں بھر پور شرکت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے