کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری : سارا کھیل وفاقی حکومت کی ایماء پر ہوا،ناصر شاہ
کراچی: ناصر شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا سخت نوٹس لیا، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ناصر شاہ کا کہنا تھا سارا کھیل وفاقی حکومت کی ایماء پر ہوا، کارروائی سے پہلے حکومت سندھ کو کسی بھی سطح پر آگاہ نہیں کیا گیا،
ناصر شاہ کا کہنا تھا مزار پر جو واقع پیش آیا جو نہیں ہونا چاہئے تھا، قائد اعظم بورڈ نے بھی پولیس کو درخواست دی، پولیس نے قائد اعظم بورڈ کو مجسٹریٹ کے سامنے درخواست دینے کا مشورہ دیا، پولیس کو درخواست دی گئی کہ کیپٹن صفدر نے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا عمل قابل مذمت ہے، معاملے پر اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے گی۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کیس داخل کرنے کیلئے الگ الگ درخواستیں دیں، پولیس نے درخواستوں کو غیر قانونی قرار دے کر خارج کر دیا۔
اس سے قبل پی پی رہنما سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی، پولیس کا یہ اقدام پی ڈی ایم کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے، جسے ہم ناکام بنائیں گے، مزار قائد پر کیپٹن (ر) صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔