نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لے کر پھر رہے ہیں لیکن انھیں روزگار نہیں مل رہا : بلاول بھٹو زرداری
گوجرانوالہ: پی ڈی ایم جلسے سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ یہ میرا گوجرانوالہ کے عوام سے مخاطب ہونے کا پہلا موقع ہے، میں یہاں کے ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی سیاسی جماعت کیلئے قربانیاں دیں اس کی وجہ سے ہی پیپلز پارٹی آج بھی زندہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہ ہے آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ اشیائے ضروریہ کی چیزیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لے کر پھر رہے ہیں لیکن انھیں روزگار نہیں مل رہا۔ محنت کش اور مزدور کے چولہے بند ہو چکے ہیں۔ یہ عمران خان اور ان کے سیلکٹرز کی تبدیلی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تاریخ کا بدترین دور دیکھ رہی ہے۔ لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں، پاکستان جب دولخت ہوا اس وقت بھی ملک کا یہ حال نہیں تھا۔
انہوں نے جلسے میں موجود لوگوں سے سوال کیا کہ کیا انھیں گزشتہ دو سال آنے والی تبدیلی پسند آئی؟ پاکستان کی معیشت تاریخ کا بدترین دور دیکھ رہی ہے۔ لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں ہے، پاکستان جب دولخت ہوا اس وقت بھی ملک کا یہ حال نہیں تھا آج پاکستان میں ہر شعبہ بحران کا شکار ہے۔