کوہاٹ: کوئلے کی کان میں گیس دھماکہ، 3 کان کن جاں بحق
کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ سے ملحقہ علاقے درہ آدم خیل میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے میں 3 کان کن جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے وال کان کنوں میں سے 2 کا تعلق بلکانی اور ایک کا بورشٹ سے ہے۔ کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس علاقے میں واقع زیادہ تر کانیں تو ادارہ برائے معدنیات اور قدرتی وسائل کے تحت رجسٹرڈ ہیں جبکہ ان کی ایک بڑی تعداد غیر قانونی ہے اور وہاں سے کوئلہ نکالا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں ماربل کی کان بیٹھنے سے 22 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق نو مزدوروں کو زخمی حالت میں نکالنے کے بعد علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
ڈی جی پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ ملبے سے 22 لاشوں کو نکالا گیا جب کہ 9 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کان بیٹھنے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور امدادی رضاکار ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی تھیں لیکن ملبہ بہت زیادہ ہونے اور ہیوی مشینری نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔