پی ڈی ایم کے تحریک کا مقصد نااہل حکمرانوں سے جان چھڑانا ہے،نصر اللہ زیرے

کوئٹہ: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحریک کا مقصد نااہل حکمرانوں سے جان چھڑانا ہے اس لئے عوام 25اکتوبر کوہونے والے پاور شومیں بھر پور شرکت کریں، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے، صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اس مسئلے کو اسمبلی فلور پر اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب کے سامنے آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ملازمین کے مطالبات کی مکمل طور پر حمایت کرتی ہے بلکہ 5دن بعد بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں وہ اس مسئلے کو اسمبلی فلور پر اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت عالیہ کے واضح احکامات تھے کے 7یوم کے اندر شارٹ لسٹڈ امیدواروں کے تعیناتی کے آرڈر جاری کئے جائیں مگر 4مہینے گزرنے کے باوجود بھی وہ تعیناتی کے آرڈرز کے لئے احتجاج پر بیٹھے ہیں۔ اگر حکومت شارٹ لسٹڈ امیدواروں کو تعینات کرتی تو سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری ہوجاتی مگر ایسا نہیں کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیرتعلیم و متعلقہ حکام توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو وزیر اعظم ہاؤس سے کس لئے فارغ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی وصوبائی حکومتیں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہیں، آج پاکستان کی جی ڈی پی زیر پر آچکی ہے جو کہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی واضح دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بھوٹان اور انڈیا سے بھی پیچھے رہ گیا ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے والے شارٹ لسٹڈ امیدواروں تک بھی تعینات نہیں کررہے ہیں۔ آٹا، چینی اور دیگر اشیائے خوردنوش کی قیمتیں آسامان سے باتیں کررہی ہیں غریب آدمی آٹا اور چینی خریدنے سے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں نے احتجاج کا راستہ اسی لئے اپنایا تاکہ موجودہ نااہل حکومت سے عوام کی جان جھڑائی جاسکے اس لئے عوام 25اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے پاور شو میں بھر پور شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سی ٹی ایس پی ملازمین کے مطالبات کو 5دن بعد بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اٹھائیں گے اور حکومت کو اس بات پر مجبور کریں گے کہ وہ اسمبلی فلور پر بتائیں کہ سی ٹی ایس پی ملازمین کے آرڈز کیوں ابھی تک جاری نہیں کئے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے