ماضی میں ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوا:مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ
لاہور:مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معاشی مشکلات وراثت میں ملی ہیں تاہم اب معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں ڈالر کو جان بوجھ کر سستا رکھا گیا جس کی وجہ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوا۔ ڈالر سستا ہوا تو ہمارے ملک میں انگور سے لے کر ٹوتھ پیسٹ تک باہر سے منگوانا شروع ہوئے۔ ماضی میں ڈالر سستا کر کے اس کا فائدہ دوسرے ممالک کو پہنچایا گیا۔
انہوں ںے کہا کہ ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاس مجبوری کے تحت گئے اور اس بات سے بھی انکار نہیں کہ معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کیے گئے۔ ہم نے 5 ہزار ارب روپے قرض کی صورت میں واپس کرنے تھے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ڈالر کو سستا رکھ کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری سے لے کر صنعتی زون تک مختلف مواقعوں میں نجی شعبے کو ترجیح دی اور حکومتی اخراجات کو محدود کیا گیا۔