2020 میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے،میر ضیاء لانگو
کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی سال 2020 میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر رہی ہے۔ انہوں نے سمنگلی روڑ پر دستی بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے.امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے متعلقہ ادارے اپنا بھر پور کردار ادا کریں, معصوم و بے گناہ افراد کو نشانہ بنا نا صرف غیر انسانی بلکہ انتہائی بزدلانہ عمل ہے, ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا, اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط, ڈائریکٹر جنرل لیویز بلوچستان مجیب الرحمن قمبرانی،کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ, ڈپٹی کمشنر کوئٹہ میجر (ر) اورنگزیب بادینی سمیت سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام و نمائندوں نے شرکت کی, وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات اْٹھائے جائیں, غیر ضروری چیک پوسٹوں کو کم کر کے جوائنٹ چیک پوسٹ کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے. صوبائی حکومت عوام کے مشکلات کم کر کے سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا چاہتی ہے جس کے لیے امن و امان کا ہونا انتہائی ضروری ہے. اسکے علاوہ وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے متعلقہ انتظامیہ کو جعلی لوکل و ڈومیسائل کی سنجیدگی سے چھان بین کرنے کی بھی ہدایت کی.اجلاس میں وزیر داخلہ کو صوبے میں امن و امان اور سیکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔