مریم نواز نے ضمنی انتخاب پر اربوں خرچ کیا: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب پر ڈھائی ارب روپے خرچ کیے تھے جب کہ قانون کے تحت یہ پیسہ خرچ نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ نیب کو بھجوارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے پنجاب حکومت کا خزانہ ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے یہ بات اپنی زیر صدارت منعقدہ حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اورمہنگائی کی روک تھام کے لیے حکومتی اقدامات پرگفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہنگائی کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں اورآنے والے دنوں میں مہنگائی کم ہو جائے گی۔
انہوں ںے کہا کہ مشکل حالات میں ملکی معیشت کوبہتری کی جانب لے جا رہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ معاشی ٹیم کی کوششوں سے صنعتی پہیہ چلنے لگا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سیمنٹ، موٹر سائیکل اور تعمیراتی شعبوں میں اشیا کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے جلسے اور جلوسوں پردھیان دینے کے بجائے کارکردگی پرتوجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خود ہی عوام کے سامنے بے نقاب ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے کہ ساری جماعتیں اپنے مفادات کے لیے اکھٹی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پوری توجہ مہنگائی میں کمی اورمعیشت کی بہتری پرمرکوزکردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خاتمےکے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ اشیائے خورونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا شورکرنے والوں نے انتخابی عذرداریاں ہی دائرنہیں کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ہم نے مخلصانہ پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے دھاندلی کے ثبوت ہی پیش نہیں کیے گئے۔
سابقہ ادوار حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن نے ریکارڈ قرضے لے کر قوم کے ساتھ ظلم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود معیشت کو بہتری کی جانب لے جا رہے ہیں۔