ترقی اور خوشحالی میں تعلیم کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں مثبت تبدیلی، ترقی اور خوشحالی میں تعلیم کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے اور ہر مذہب، معاشرے اور معیشت میں تعلیم کا حصول افراد کی آولین ذمہ داری تصور کی جاتی ہے. دوسرے ممالک کی طرح پاکستان نے بھی بدلتے ہوئے وقت کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے تعلیم کی افادیت پر بھی بھرپور توجہ مرکوز رکھی ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے قیام سے نہ صرف ملک و صوبے میں ضروری افرادی قوت مہیا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ ژوب سے متصل علاقوں کے طلبا اور طالبات کو اعلی تعلیم کے حصول میں سہولت بھی فراہم ہوگی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ژوب میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے ژوب کیمپس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو سٹاک مٹھاخان کاکڑ، شیخ جعفر مندوخیل، کینٹ کمانڈر ژوب برگیڈیئر اظہر، وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی سمیت ماہرین تعلیم اور گردونواح سے سیاسی وقبائلی عمائدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی. بیوٹمز یونیورسٹی کے ژوب کیمپس سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کی مغربی روٹ بننے سے یونیورسٹی کی ضرورت و اہمیت مزید بڑھ گئی ہے. انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بیوٹمز ژوب کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں اہم کرادر ادا کرینگے. اس سے قبل وائس چانسلر بیوٹمز احمد فاروق بازئی نے گورنر بلوچستان کا ژوب پہنچنے پر استقبال کیا، اس کے بعد گورنر بلوچستان نے وائس چانسلر کے ہمراہ بیوٹمز کے ژوب کیمپس کی اراضی کا دورہ کیا اور بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے