چاغی میں اصلات اور تعلیم سے متعلق ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے،صادق سنجرانی
اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں جاری مواصلات اور تعلیم سے متعلق ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں۔ مواصلات کے منصوبوں کی تکمیل کے دوران معیار کو یقینی بنایا جائے۔ منگل کے روز چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ایچ ای سی اور این ایچ اے کے حکام کی پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی چاغی میں جاری منصوبوں سے متعلق پیش رفت کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ کوچاغی میں نئی سڑکوں کی تعمیر اور عمرخان سنجرانی منرل یونیورسٹی نوکنڈی کے قیام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ منرل یونیورسٹی کی عمارت اور ڈیزائن سے متعلق ٹینڈر رواں ماہ کے آخر تک جاری کر دیا جائے گا: ٹینڈر کے ایوارڈ کے تین ماہ کے اندر ڈیزائن کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ نوکنڈی سے ماشکیل اور دالبند ین سے زیارت بلا نوش کی سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈر آئندہ ہفتے جاری کر دیئے جائیں گے۔ ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہوتے ہی کام کا آغا ز کر دیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ مواصلات کے منصوبوں کی تکمیل کے دوران معیار کو یقینی بنایا جائے۔