ن لیگ میں اختلاف رائے رکھنے والوں کو رسوا کیا جاتا ہے : شہباز گل

اسلام آباد: معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عدالت سے سزا پر (ن) لیگ نے بیانیہ شروع کیا کہ مجھے کیوں نکالا، مجھے کیوں نکالا کے بعد بیانیہ آیا ووٹ کوعزت دو، ووٹ کو عزت دو میں سے بیانیہ نکلا میں بیمار ہوں، ن لیگ ایک طرف ووٹ کو عزت دو کی بات کرتی ہے، دوسری جانب منتخب نمائندوں کی تذلیل کرتی ہے،

شہباز گل نے کہا ہے کہ نون لیگ بدلتے بیانیوں سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے، بیانیے کی مخالفت پر جلیل شرقپوری سے ناروا سلوک قابل افسوس ہے، یہ لوگ ‘ووٹ نہیں نوازشریف کو عزت دو’ چاہتے ہیں۔

شہبازگل کا کہنا تھا ن لیگ ماضی کی طرح عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہی ہے، اب (ن) لیگ خود کو انقلاب لانے والی پارٹی کہہ رہی ہے، ہم ووٹ کو عزت دینے والے تھے، کیا جلیل شرقپوری ووٹ لے کر نہیں آئے ؟ کیا کیپٹن (ر) صفدر یوسف رضا گیلانی سے نہیں ملتے رہے ؟ کیاعزت صرف شریف خاندان کی ہے، کسی اور کی نہیں ؟

ن لیگ والوں نے جلیل شرقپوری کیساتھ غیر مناسب سلوک کیا، جلیل شرقپوری نے نواز شریف کے بیانیے سے اختلاف کیا تھا۔
ووٹ کوعزت دو کے دعویداروں نے محمد خان جونیجو کا ساتھ کیوں نہیں دیا ؟ نواز شریف نے نگراں وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے انتخابی مہم چلائی، ن لیگ کا ووٹ کوعزت دو کا مسئلہ نہیں، مسئلہ لوٹ مار کو تحفظ دینا ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا عوام جانتے ہیں چھانگا مانگا میں کیسے ارکان کی خرید و فروخت ہوئی، سب جانتے ہیں سپریم کورٹ پر حملہ کس نے اور کیوں کرایا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں خواتین کو گولیاں مارنے والوں سے سب واقف ہیں، نواز شریف جونیجو، بینظیر کی منتخب حکومتوں کیخلاف بھی کام کرتے رہے، ان لوگوں نے میمو گیٹ سکینڈل میں حکومت کے خلاف سازش کی، ن لیگ میں اختلاف رائے رکھنے والوں کو رسوا کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے