ہمیں اپنے سماجی اور معاشرتی رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے،لیاقت شاہوانی
کوئٹہ:حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے” ذہنی صحت” کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن دنیا بھر میں دماغی صحت سے جڑے مسا ئل اور اس ضمن میں عوام الناس میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کی مہم کے طور پر منایا جا رہا ہے اس دن کو منانے کا مقصد ذہنی اور دماغی امراض کی روک تھام کرنا ہے۔ ہزاروں لوگ جو دماغی امراض سے دوچار ہے نہ صرف اپنے انسانی حقوق سے بے خبر اور محروم ہوتے ہیں بلکہ سماج میں بدقسمتی سے تنہا بھی چھوڑ دیے جاتے ہیں۔ایسے تمام معذور افراد ہماری ہمدردی، خصوصی توجہ اور دوستانہ رویہ کے مستحق ہوتے ہیں لیاقت شاہوانی نے کہا کہ بدقسمتی سے ذہنی امراض کی شرح بڑھتی جا رہی ہے جن کے پیچھے بہت سارے معاشرتی اور سماجی عوامل کار فرما ہیں جن کے تدارک کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس اور جامع منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے۔ حکومت بلوچستان ذہنی معذوری کے شکار مریضوں کی بحالی کے لیے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے کیوں کہ جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت بھی بہت اہم ہے اس ضمن میں معاشرے کے تمام مکاتب فکر کے افراد کو اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا اور اس حوالے سے ہمیں اپنے سماجی اور معاشرتی رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوسکے۔