افغانستان: فوجی چیک پوسٹوں پر حملوں میں 11 اہلکار ہلاک
کابل: افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے دو صوبوں کی سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر حملے میں 11 اہلکار ہلاک جب کہ 12 زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان جنگجوؤں نے قندوز کے علاقے میں فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 فوجی اور 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ 5 فوجی اور 4 پولیس اہلکار زخمی ہیں۔
اسی طرح ہلمند کے علاقے میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ دونوں حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے اہلکاروں کی شناخت نہیں کی گئی ہے۔
افغان سیکیورٹی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں طالبان کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس دوران 5 سے زائد طالبان مارے بھی گئے۔
مقامی طالبان کمانڈرز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر حملے کی تصاویر شیئر کیں اور حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے جنگجوؤں کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔