ریونیو معاملات کو بہتر بنانے کیلئے ہر سطح پر اصلاحات ضروری ہیں،میر سلیم احمد کھوسہ
کوئٹہ:صوبائی وزیر ریونیو میر سلیم احمد کھوسہ کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو آفس میں اعلی سطی کااجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ آ ف ریونیو جمع بندی کیلئے مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔سینئر ممبر بورڈآف ریونیونے محکمے میں اصلاحات اور جمع بندی حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ جسں پر صوبائی وزیر ریونیو نے کہا کہ زمینوں کے حوالے سے گزشتہ کئی سالوں سے جمعبندی نہیں ہو رہی ہے اور اب اس عمل کو باقاعدہ ایک سسٹم کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔ریونیو کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے بنیادی اصلاحات کی جائیں گی۔ریونیو کا ایسا نظام وضع کیاجائے گا جس سے عوام کو سہولت ملے۔ صوبائی وزیر نے بورڈ آ ف ریونیو میں اصلاحات کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی بنیادی اصلاحات کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصدعوام کیلئے آسانیا ں پیدا کرنا ہے ریونیو معاملات کو بہتر بنانے کیلئے ہر سطح پر اصلاحات ضروری ہیں۔میں خود جانتا ہوں کہ ریونیو کے حوالے سے شہریوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو امور سے متعلقہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے۔صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دی کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرکے جمع بندی کی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ زمینوں کے معاملات میں دھوکادہی وہ دیگر منفی سرگرمیاں روک جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا ہدف زمینوں کے معاملات خریدوفروخت انتقالات و دیگر متعلقہ امور کو ایک میکنزم کے تحت باقاعدہ سسٹم میں لانا ہے اور اسے اس طرح سے جدید بنایا جا رہا ہے کہ ہر شخص مستقبل میں محکمہ مال کی ویب سائٹ پر اپنی زمینوں کے تمام دستاویزات ودیگر ریکارڈ کو ملاحظہ کر سکے گا جس سے اراضی ریکارڈ سسٹم میں ریفارمز برسوں پرانے فرسودہ نظام کی باقیات کا حقیقی معنوں میں خاتمہ ہو جائے گا۔ اجلاس میں سینئر ایم بی آر قمر مسعود، کمشنر کوئٹہ اسفند یار کاکڑ،سینئر سیکرٹری بورڈ آف ریونیو نصراللہ ترین، سینئر سیکرٹری رحیم جاوید جاموٹ، و بورڈ آف ریونیو کے دیگر متعلقہ افیسران نے اجلاس میں شرکت کی۔