مخدوم جلیل الزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور
حیدر آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کے صاحبزادے مخدوم جلیل الزمان کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں نیب نے گزشتہ دنوں کراچی سے گرفتار کیا تھا۔
نیب کے افسران اور اہلکاروں نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں نیب کے تفتیشی افسر نے رپورٹ پیش کی کہ ملزم نے اپنے ماتحت کو ڈیڑھ کروڑ روپے واپس کر دیے ہیں۔
حیدر آباد کی احتساب عدالت نے سابق تعلقہ ناظم ہالا مخدوم جلیل الزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی، ملزم کو دس سال کے لئے نااہل قرار دیتے ہوئے آزاد کر دیا ہے۔
نیب نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور کئے جانے کی رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کی۔ عدالت نے ملزم کی پلی بارگین کی درخواست منظور ہونے پر احتساب قانون کے مطابق ملزم مخدوم جلیل الزمان کو دس سال کے لئے نااہل قرار دے دیا۔
نیب رپورٹ کی منظوری کے بعد احتساب عدالت نے مخدوم جلیل الزماں کو رہا کر دیا۔