وفاقی کابینہ کا اجلاس: چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے معاملہ پر غور کیا گیا

اسلام آباد: وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) لیگ کے بیانیے پر مشاورت، اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک اور جلسوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چینی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کے معاملہ پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے بریفنگ میں بتایا کہ گندم درآمد کرنے سے آٹا سستا ہو جائے گا۔

کابینہ نے چینی کی قیمیتیں بڑھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا۔ شیخ رشید نے ریلوے کی بحالی، تعمیر نو کا پلان اور ملازمین کی پنشن کا معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا۔ وزیر ریلوے نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی مکمل بحالی تین مراحل میں ہوگی۔ کابینہ نے ریلوے بحالی کے پلان کی منظوری دیدی ہے۔

وفاقی کابینہ کو پی آئی اے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 2019ء میں پی آئی اے نے 7 اعشاریہ 8 ارب روپے کا منافع کمایا جبکہ 2018ء میں اسے 19 اعشاریہ 8 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ گزشتہ سال پی آئی اے کی ریوینو میں 42 اعشاریہ 5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 2018ء میں پی آئی اے کا آپریٹنگ نقصان 32 ارب روپے تھا۔ 2019ء میں پی آئی اے کا آپریشنل نقصان 7 اعشاریہ 7 فیصد رہا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں پی آئی اے کے آپریشنل نقصان میں 75 فیصد بہتری آئی۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی ائیر لائن کے سی ای او کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی ادارہ بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کو ری سٹرکچر کرنے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے