عمران خان یا حکومت کا درج مقدمے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے: شبلی فراز

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم غداری کے سرٹیفکٹ نہیں بانٹ رہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ عمران خان یا حکومت کا درج مقدمے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں ںے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کے کہنے پر مقدمات درج ہوتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی مقدمہ درج کیا ہے پنجاب حکومت اس کا پتہ لگائے گی۔

انہوں ںے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گندم درآمد کرنا پڑی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے فصلوں کو بہت نقصان ہوا ہے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے پرکابینہ نے تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں ںے کہا کہ اجلاس میں بنیادی آئیٹم کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں ںے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ملک بھر میں چہلم امام حسین کے موقع پر سیکیورٹی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ معاشی اعشاریے اطمینان بخش ہیں اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو مثبت میں لائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری اطمینان بخش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔

سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ اس وقت مہنگائی کے علاوہ تمام معاشی اعشاریے مثبت ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اشیائے خورد و نوش کے مہنگے ہونے پر اظہار تشویش کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا کے دوران پی آئی اے کا 7.8 ارب کا ریونیو بڑھا لیکن لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے قرضے 400 ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیں۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے محمد زبیر کو تاحیات ترجمان مقرر کردیا ہے جس پر میں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس ضمن میں انہوں ںے کہا کہ محمد زبیر نے کہا تھا کہ جب تک یہ حکومت نہیں جاتی ہے میں ن لیگ کی ترجمانی کروں گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ بھارت کی بھرپورکوشش ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نےنہ کبھی کرپشن کی ہے اور نہ اس کا کوئی کاروبارہے۔ انہوں ںے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پریشرمیں لانا بہت مشکل ہے۔ انہوں ںے کہا کہ یہ لوگ جو بھی کرنا چاہتے ہیں کریں، ہم ملکی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ دشمنان ملک پاکستان کا حال لیبیا، عراق اور افغانستان جیسا کرنا چاہتے ہیں۔

سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ دشمن کوئی موقع ضائع نہیں کرےگا اور ہرحربہ استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی نہیں کہا کہ وہ واحد محب وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر جگہ ثابت کیا ہے کہ وہ محب وطن ہیں اور پاکستان و اسلام کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے دعویٰ کیا کہ شہبازشریف منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوجرائم میں ملوث نہیں ہوتا وہ قانون سازی سے نہیں ڈرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انصاف نہیں ہے کہ نواز شریف چونکہ تین مرتبہ وزیراعظم رہے ہیں تو ان کو چھوٹ ہے۔ انہوں ںے استفسار کیا کہ جیلوں میں پڑے ہوئے لوگوں کا پھر کیا قصور ہے؟

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ چینی اگرمہنگی ہوئی ہے تو یہ بھی پوچھنا ہے کہ شوگرملیں توان کی ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ہم تو سندھ میں ایک شہر آباد کرنے جا رہے ہیں جہاں مقامی لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔ انہوں ںے کہا کہ سرمایہ کاری آنے سے علاقہ ترقی کرے گا تو حکومت سندھ کو کیوں اعتراض ہے؟

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ اس منصوبے سے سندھ کے لوگوں کی مدد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کی مدد کررہے ہیں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو نا مناسب قرار دیتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ بلاول نے جزائر سے متعلق نا مناسب بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک کروڑ نوکریوں کی بات پر قائم ہیں اور ہم یہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کی معیشت کو کورونا نے متاثر کیا ہے لیکن مشکلات کے باوجود معاشی حالات میں بہتری کے لیے ہم کوشش کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے