عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا،مبین خان خلجی

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان خلجی نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک کو فلاپ ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی با شعور عوام اپوزیشن کا بیانیہ خوب سمجھتے ہیں جن کی نظریں صرف اور صرف اقتدار پر ہیں۔ انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بلا تفریق احتساب کا عمل جاری ہے جس سے مخالفین ہوش کھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی تحریکوں سے احتساب کا عمل نہیں رکے گا ہر صورت میں عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو کئی مسائل درپیش ہیں سابقہ حکمرانوں نے دیوالیہ معیشت ورثے میں چھوڑ دی تھی تاہم وزیر اعظم عمران خان نے کورونا کی خراب صورتحال کے باوجود بہتر حکمت عملی اور واضح پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت کو سہارا دیا اب جب ملک بہتری کی طرف جا رہا ہے معلوم نہیں اپوزیشن کس کے ایجنڈے پر عمل کر کے افرا تفری پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن بلوچستان مبین خان خلجی نے کہا کہ میاں نواز شریف کی جانب سے ریاستی اداروں کیخلاف زہر اگلنے کی مذمت کرتے ہے جبکہ سابق وزیر اعظم بیرون ملک بیٹھ کر ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کر کے الطاف حسین بننے کی کوشش کر رہے ہیں اگر انہوں نے کرپشن نہیں کی ہے تو عدالتوں کا سامنا کر کے اپنی صفائی پیش کردیں۔پاکستان تحریک انصاف ہر صورت میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو پاکستان لائے گی اور لوٹ مار کے ذریعے بیرون ملک محلات بنانے کے پائی پائی کا حساب لے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نواز شریف بیرون ملک لوٹی گئی رقم پر عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ اپنے بھائی شہباز شریف کو سیاست کی بھینٹ چڑھا کر جیل بھیج دیا ہے جس سے اندازہ لگایا جائے کہ وہ ملک اور غریب عوام سے کس قدر مخلص ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں ان کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے جو آخری ہچکولے لے کر مکمل طور پر ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک و قوم کی ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کی واضح مثال ملکی سطح پر ترقیاتی منصوبے اور بیرون ممالک سے بہتر تعلقات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے