پی ڈی ایم نے 16 اکتوبر سےملک بھر میں جلسوں کا شیڈول جاری
اسلام آباد:اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تنظیمی ڈھانچے اور جلسوں کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس احسن اقبال کی سربراہی میں ہوا جس میں تنظیمی ڈھانچے اور حکمت عملی پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سینیئر نائب صدر اور شاہد خاقان عباسی سیکرٹری جنرل ہوں گے جب کہ سیکرٹری اطلاعات عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار ہوں گے۔اس کے علاوہ اپوزیشن اتحاد نے جلسوں کا بھی نیا شیڈول جاری کردیا ہے جس کا اعلان احسن اقبال نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کا آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالا سے ہوگا جس کے بعد دوسرا جلسہ 18 اکتوبر کو کراچی میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی اور کوئٹہ کے پروگرام متصادم تھے اور اب کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ 25 اکتوبر کو ہوگا جب کہ 22 نومبر کو پشاور، 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
سیکرٹری جنرل پی ڈی ایم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف عوام کو ریلیف دینا ہے اور ہمارا مطالبہ ہےکہ ملک آئین کے مطابق چلے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہیں۔ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونا تھا جو کہ ملتوی کرکے 18 اکتوبر کو رکھا گیا تھا لیکن اس پر پیپلزپارٹی کے تحفظات تھے جس کے بعد اب کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو جلسہ ہوگا۔