آرمینیا اور آذربائیجان کے ایک دوسرے پر میزائل حملے جاری، ہلاکتوں کا خدشہ
آذربائیجان :آذربائیجان نے کہا کہ آرمینیا کی افواج نے جنوبی قفقاز میں ہمارے دوسرے شہر گانجا پر بھی گولہ باری کی ہے جب کہ آرمینیا نے الزام عائد کیا کہ گورنو کاراباخ کے دارالحکومت سٹیپاناکرٹ پر آذربائیجان کی جانب سے میزائل داغے گئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متنازع علاقے ناگورنو-کاراباخ کے لیے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ جاری ہے، آرمینیا کے مسلح گروہ کے رہنما نے آذربائیجان کے شہر گانجا میں فوجی ہوائی اڈہ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم آذربائیجان نے اس علاقے میں حملے کی تصدیق کی ہے لیکن فوجی اڈے پر حملے کی تردید کی ہے۔
دوسری جانب آذربائیجان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ناگورنو-کاراباخ سے متصل شہروں ’ٹیرٹر اور ہورادیز‘ پر شدید گولہ باری کی جبکہ آرمینیا کے دارالحکومت اسٹیپنکارت پر بھی بمباری کی ہے جس پر آرمینیائی فوج نے آذربائیجان کی فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔ ایک ہفتے قبل شروع ہونے والی جھڑپوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تعلقات 1990 کی دہائی کے بعد سے اب تک کی بدترین سطح پر پہنچ گئے ہیں دونوں ممالک کے درمیان تنازع کی وجہ ناگورنو-کاراباخ کا علاقہ ہے جس پر دونوں اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔