سندھ ۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم آج الگ الگ شہروں میں ریلیاں نکالیں گی
کراچی:وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ’یکجہتی کراچی ریلی‘ سندھ کے خلاف سازش کرنے والوں کے لئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں رہنے والے تمام لوگ سندھی ہیں۔ ریلی کا مقصد لسانی سیاست کو ناکام بنانا ہے۔ ہم ثابت کریں گے کراچی کے لوگ پیپلزپارٹی کو پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریلی کے شرکا ایس او پیز کا لازمی خیال رکھیں۔ ماسک پہن کر آئیں اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔
سندھ کی دو بڑی سیاسی جماعتیں پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم آج الگ الگ شہروں میں ریلیاں نکالیں گی۔
حیدرآباد میں ایم کیو ایم اور کراچی میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ریلی نکالی جائے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی ریلی عائشہ منزل ڈسٹرکٹ سینٹرل سے نکالی جائے گی جو ایمپریس مارکیٹ صدر پراختتام پذیر ہوگی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاو بھٹو ریلی کی قیادت کریں گے اور اپنے خطاب میں کراچی کی ترقی کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔
ایم کیو ایم حیدرآباد میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی جہاں تیاریاں جاری ہیں اور مارچ کے حوالے سے شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔
ریلی سے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی اور مقامی رہنما خطاب کریں گے۔ حیدر آباد مارچ کا آغاز آج سہ پہر سٹی گیٹ سے کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکاجیل روڈ، لبرٹی چوک، تلک چاڑی سے اسٹیشن روڈ کے راستے مارچ کرتے ہوئے زنانہ اسپتال پہنچیں گے۔
حیدرآباد مارچ کی تیاریاں جاری ہیں، حیدرآباد مارچ کے حوالے سے شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں