محمد نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس نوازشریف کی اپیلوں پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ جس کے مطابق سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا۔
عدالت عالیہ کے حکم نامے کے مطابق دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر محمد مبشر خان، قونصل اتاشی عبدالحنان کا بیان اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حصہ ہوگا، پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو ویڈیو لنک کے زریعے بیان ریکارڈ کرنے کے لیے اس آرڈر سے آگاہ کیا جائے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹس کی تعمیل کی کوشش کی کامیابی نہیں ہوئی، ان حالات میں لیگی قائد کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر رہے ہیں۔
عدالت عالیہ کا کہنا ہے کہ وارنٹس کی تعمیل کے لئے جانے والے افسران کے بیانات سات اکتوبر کو ریکارڈ ہوں گے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ رائل میل کے ذریعے وارنٹس بھیجے گئے، رائل میل کی مصدقہ آن لائن رسید آئندہ سماعت پر جمع کرائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے