فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کے بیانات بھارتی ایجنڈے کے مطابق ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں عوامی نہیں، ذاتی ایجنڈے پر ہیں۔ اپوزیشن کو این آر او نہیں دیاجائے گا۔

حکومتی ترجمانوں اور وفاقی وزرا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ترجمان اور پارٹی رہنما اپوزیشن کو بےنقاب کریں۔ اپوزیشن کو فوج سے یہ مسئلہ ہے کہ وہ ان کی کرپشن پکڑ لیتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوج آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری حکومت کے ساتھ ہے، سول ملٹری تعلقات میں کوئی تناؤ نہیں اور قوم اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو یہ مسئلہ ہے کہ انہیں ڈھیل نہیں مل رہی ہے۔ فوج کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔ قوم متحد ہوکر بھارتی سازش کو ناکام بنائے گی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو متحرک ہونے کی ہدایت بھی کردی

وزیراعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر حکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر بھی مشاورت کی گئی۔

نوازشریف کی واپسی سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اپوزیشن کے احتجاج اور جلسوں کی جوابی حکمت عملی پرغور کیا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف پاکستان کےخلاف خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، وہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،بھارت پاکستان کو کمزور بنانا چاہتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے