بلوچستان بھر میں ماہ ستمبر میں 2300 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق
کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان میں ماہ ستمبر میں 2ہزار 3سو سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اسی دوران 5مریض وباء کے باعث انتقال کرگئے، اس وقت بلوچستان میں 12سو سے زائد فعال کورونا کیسز موجود ہیں، صوبے میں کورونا سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد ایک سو 46اور متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 15ہزار 2سو سے تجائز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق ستمبر کے مہینے میں بلوچستان میں کورونا کے 2ہزار 3سو 82نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اسی دوران 5مریض جاں بحق ہوگئے، صوبے میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ایک سو 46جبکہ مریضوں کی کل تعداد 15ہزار 2سو 81تک پہنچ گئی ہے جن میں تعلیمی اداروں میں مثبت رپورٹ ہونے والے 5سو 43کیسز بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر صوبے کے متاثرہ مریضوں میں سے 13ہزار 9سو 15مکمل طور پر صحت یاب اور ایک سو 46انتقال کرچکے ہیں جبکہ اس وقت صوبے میں 12سو 20کورونا کے فعال کیسز موجود ہیں۔ گزشتہ ماہ محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے 25ہزار 2سو 28کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 22ہزار 8سو 46کے نتائج منفی آئے۔ بلوچستان میں عالمی وباء کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح91فیصد جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی شرح ایک فیصد ہے اسی طرح اس وقت 8فیصد ایکٹیو کیسز موجود ہیں۔ صوبے میں اب تک سب سے زیادہ کیسز ضلع کوئٹہ میں 10ہزار 8سو 37رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ بلوچستان میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز کے 71.6فیصد ہیں اس کے بعد کیچ 5سو 9کیسز کے ساتھ دوسرے، جعفرآباد 4سو 13کیسز کے ساتھ تیسرے، خضدار 3سو 84کیسز کے ساتھ چوتھے، لسبیلہ 3سو 20کیسز کیساتھ پانچویں مستونگ 2سو 86کیسز کے ساتھ چھٹے، چاغی 2سو 70کیسز کے ساتھ ساتویں، لورالائی 2سو 37کیسز کے ساتھ آٹھویں، قلعہ سیف اللہ 2سو 33کیسز کے ساتھ نویں اور پشین ایک سو94کیسز کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔ واضح رہے بلوچستان میں اب تک سب سے کم کیسز ضلع سوراب میں 4، واشک میں 5اور شیرانی میں 8کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔