لوچستان میں امن کے قیام اور ترقی کے لئے دعاگو ہیں: چوہدری محمد سرور

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی،ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل اور صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران، میر اسد بلوچ، محمد خان لہڑی سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری بھی ملاقات کے دوران موجود تھے، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اوریہاں آکر انہیں ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے،بلوچستان کے لوگ محب وطن، مہمان نواز اور پیار کرنے والے لوگ ہیں، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ صوبوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی تعاون کا فروغ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان تعلقات اور تعاون میں گذشتہ دوسال کے دوران مثالی اضافہ ہوا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے مختصر وقت میں بلوچستان کے تین مرتبہ دورے کئے، ملاقات میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء کے مسائل سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ وہ بلوچستان کے طلباء کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ طلباء کے بقایا جات کی ادائیگی اور آئندہ سے ان کی ٹیوشن اور ہاسٹل فیس کے اخراجات کی ادائیگی کے طریقہ کار سے بھی اتفاق کیا گیا جس کے لئے پنجاب اور بلوچستان فنڈ فراہم کریں گے، ملاقات میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کے مختص کوٹہ میں اضافہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے گورنر پنجاب کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل اور امن وامان کی بہتری کے بارے میں آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بیف پروگرام کے تحت طلباء کے وظائف کے لئے خطیر فنڈزز مختص کئے گئے، کینسر اور گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا ہے جس سے اب تک تقریباً 1100مریضوں کے علاج کیا جاچکا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اخوت کے ساتھ حکومت نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت آسان اور بلاسود قرضوں کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، اور دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ صوبائی حکومت عوامی فلاح وبہبود کے کاموں پر توجہ دے رہی ہے، صوبے میں تکنیکی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے ہنرمند پروگرام اوربی ٹیوٹا کو مزید موثر بنایا جارہا ہے،گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کوئٹہ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہے ہیں اوربلوچستان میں امن کے قیام اور ترقی کے لئے دعاگو ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے