گوجرانوالہ ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر لوگ لٹتے رہے مگر پولیس تماشا دیکھتی رہی
گوجرانوالہ: گوجرانوالہ کے پوش علاقے میں شادی والے گھر سمیت 4 کوٹھیاں لوٹ لی گئیں، متاثرین کا کہنا ہے کہ لٹیرے 100 تولے زیور اور 3 کروڑ روپے لوٹ کر لے گئے، اروپ کے علاقے سے لوگ پہلے ہی نقل مکانی شروع کرچکے ہیں۔
پنجاب کا بڑا شہر ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہے، لوگ لٹتے رہے مگر پولیس تماشا دیکھتی رہی، فورس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی۔
گوجرانوالہ کے علاقے اروپ میں ڈاکوؤں نے پوش کالونی کو بھی نہ چھوڑا، گارڈن ٹاؤن میں چار کوٹھیوں میں لوٹ مار کی گئی، شادی والے گھر کا بھی صفایا، دلہن کے زیور چھین لئے گئے۔
متاثرین کا مؤقف ہے کہ ڈاکو 100 تولے زیور اور 3 کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوئے، ڈاکو سفید رنگ کی گاڑی پر سوار تھے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی۔
ویڈیو میں ملزم گاڑی میں آزادانہ سامان رکھتے نظر آرہے ہیں، ڈاکو چلے گئے تو پولیس چلی آئی، تھانہ اروپ کے اہلکاروں نے آ کر روایتی تفتیش شروع کردی۔گوجرانوالہ میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد علاقہ مکین خوف میں مبتلا ہیں، اروپ کے علاقے سے لوگ پہلے ہی نقل مکانی شروع کرچکے ہیں۔