ایرانی عوام وائٹ ہاؤس کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کریں :حسن روحانی
تہران: صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا نے اقتصادی پابندیوں کے وحشیانہ پن میں ایران کو کروڑوں ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے جس پر ایرانی عوام وائٹ ہاؤس پر اپنے غصے کا اظہار کریں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی جانب سے تہران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے پر امریکی اقدامات کو ’وحشیانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام وائٹ ہاؤس کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کریں تاہم انہوں نے غصے کے اظہار کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے ایران پر بدترین مظالم ڈھاتے ہوئے دوائیوں اور کھانے پینے کی اشیاء تک کی غیرقانونی اور غیر انسانی پابندیاں عائد کیں، یہ ایک دہشت گردانہ اقدام سے کم نہیں ہے۔ ہم نے وائٹ ہاؤس میں اس طرح کی بربریت کے حامل لوگوں کو کبھی نہیں دیکھا۔
صدر حسن روحانی نے کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے اپریل میں 150 ارب ڈالر کا قرض ملنا تھا جسے امریکا نے روکنے کی بھرپور کوشش کی جس سے ایران میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں دقت کا سامنا رہا۔
واضح رہے کہ امریکا نے رواں ہفتے ہی ایرانی وزارت دفاع اور جوہری پروگرام سے وابستہ کئی شخصیات پر نئی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی متعدد ایرانی اہلکاروں اور اداروں کو انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزام میں بلیک لسٹ بھی کیا گیا ہے۔