منشیات کیس میں دیپیکا پڈوکون نے اعتراف جُرم کرلیا
بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کےدوران بھارتی فلم انڈسٹری کی صفِ اول اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے اعتراف جُرم کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو دیے گئے اپنے بیان میں اس بات کا اعتراف کرلیا ہے کہ اُنہوں اپنی مینیجر کرشمہ پرکاش سے منیشات کے متعلق واٹس ایپ پر گفتگو کی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی تحقیقاتی ٹیم دیپیکا پڈوکون سے پوچھ گچھ کر رہی ہے جبکہ این سی بی آفس کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ بالی ووڈ منشیات کیس کی تحقیقات کا آغاز آج صبح ممبئی میں ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت خودکشی سے متعلق منشیات کیس میں بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور شردھا کپور آج صبح ممبئی کے کولابا ایولین گیسٹ ہاؤس پہنچ گئی تھیں جہاں پوچھ گچھ کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی موجود تھی جو ان اداکاراؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دیپیکا پڈوکون کی مینیجر کرشمہ پرکاش، جن سے جمعہ کو پوچھ گچھ کی گئی تھی، آج وہ دوسرے دن بھی پوچھ گچھ کے لیے این سی بی آفس پہنچ گئیں، اس دوران راکول پریت سنگھ اور کرشمہ پرکاش سے ایک ساتھ پوچھ گچھ کی گئی جو چار گھنٹے تک جاری رہی۔
خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔