ایرانی نظام کو بین الاقوامی معیشت کے استحکام کی کوئی پروا نہیں:شاہ سلمان
نیو یارک :خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں سیشن سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہاایران کو اسلحہ کے حصول سے روکنا ہوگا،اس حوالے سے بین الاقوامی برادری کو ٹھوس موقف اپنانا ہوگا۔ایرانی نظام کو بین الاقوامی معیشت کے استحکام کی کوئی پروا نہیں۔العربیہ کے مطابق شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا پوری دنیا اس بات کا مشاہدہ کررہی ہے کہ ایرانی حکومت کی توسیع پسندانہ سرگرمیاں اور دہشت گردانہ کارستانیاں بڑھتی جارہی ہیں۔سعودی شاہ نے مطالبہ کیا ایران کے زیراثر تنظیم حزب اللہ کو غیر مسلح کیا جائے ۔انہوں نے کہاسعودی عرب یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔ سعودی فرمانروا نے مزید کہا ایران کے حمایت یافتہ حوثی عالمی جہاز رانی کی سلامتی کو خطرات لاحق کیے ہوئے ہیں۔سرحد پار انتہا پسندانہ نظریات کے سرپرست ملکوں کو لگام دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا فرقہ واریت اور دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ملکوں سے ٹکر لیں اور اس کام میں پس و پیش سے کام نہ لیں۔