عالمی برادری کو اینٹی منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات کرنے چاہیں ، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک سے لوٹی رقم فوری طور پر واپس کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کے پینل سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو کرپشن کے خاتمے اور فنانشل کرائمز ختم کرنے کا مینڈیٹ ملا۔ عالمی برادری کو اینٹی منی لانڈرنگ کیخلاف اقدامات کرنے چاہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وائٹ کالر کرائم کے ذریعے ہر سال ایک کھرب ڈالر کی منتقلی ہوتی ہے۔ ہر سال ترقی پذیر ممالک سے اربوں ڈالر غیر قانونی طور پر نکل جاتے ہیں۔ موثر اقدامات کے بغیر امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا جائے گا۔
ترقی پذیر ممالک کورونا کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے۔ غیر منصفانہ سرمایہ کاری معاہدوں کو منصفانہ بنانا ہوگا۔ اس کے علاوہ غیر قانونی رقوم کی منتقلی روکنے کیلئے اقوام متحدہ کو لائحہ عمل بنانا ہوگا۔