حکومت نے 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیدی
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں ادویات کی کم دستیابی، ڈالر کی قدر میں اضافہ اور خام مال مہنگا ہونے کی وجہ سے وفاقی حکومت کو مجبوراً ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں 9 تا 262 فیصد تک اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ ان ادویات میں بخار، سر درد، امراض قلب، ملیریا، شوگر، گلے کی خراش اور فلو کی ادویات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اینٹی بائیوٹکس، پیٹ درد، آنکھوں، کان، دانت، منہ اور بلڈ انفیکشن کی ادویات مہنگی کر دی گئی ہیں۔ جن ادویات کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں ان میں جلد کے امراض، زچگی کے بعد استعمال ہونیوالی ادویات سمیت مختلف امراض کی ادویات بھی شامل ہیں۔
ان میں سے 68 ادویات مقامی جبکہ 26 امپورٹد ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ادویات کی دستیابی کم ہونے کے باعث وفاقی حکومت کو مجبوراً اضافہ کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ڈالر کی قدر میں اضافہ اور خام مال مہنگا ہونا بھی وجہ بنی۔ فارماسوٹیکل کمپیناں جون 2021ء تک قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کی مجاز نہیں ہونگی۔