بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا کے 57 نئے مریض سامنے آگئے
کوئٹہ: بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے 57 نئے مریض سامنے آگئے جس کے بعد تعلیمی اداروں میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 334 ہوگئی۔
محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں منگل کو کورونا وائرس کے 694 ٹیسٹ کیے گئے جن ٹیسٹ کے نتیجے میں کورونا وائرس کے 57 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق 15 ستمبر سے اب تک محکمہ صحت کے عملے کی جانب سے بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے 3499 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں مثبت رزلٹ کے مریضوں کی کُل تعداد 334 ہے جب کہ منفی رزلٹ کی کل تعداد 3165 ہے۔علاوہ ازیں 312 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے لگے ہیں جس کے بعد متعدد تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے۔