ہم پر نفسیاتی جنگ مسلط کی جا رہی ہے : شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم پر نفسیاتی جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔ بھارت پاکستان کے اندر انتشار کے بیج بو رہا ہے۔ ہمیں اس آگ سے پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لئے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔
درگاہ حضرت بہاء الدین زکریا ملتانیؒ کے 781 ویں عرس کے پہلے روز زکریا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت فیک نیوز کے ذریعے اور چند لوگوں کو خرید کر پاکستان کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک نئی چال کے تحت پاکستان میں لسانی جذبات کو ابھارا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دشمن ہمیں نیچا دکھانے کے لئے نئی سازشیں کر رہے ہیں۔ پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لئے میڈیا اور دانشور اپنا کردار ادا کریں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں ہمیں اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرنا ہو گا، ہمیں ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرنا ہوگا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر بری نظر رکھنے والا بھارت اب کسی اور کا شکار ہو چکا ہے۔ یہ اللہ تعالی کا خاص کرم ہے۔ بہت سے ممالک جو ہم سے زیادہ خوشحال ہوا کرتے تھے، آج وہ بدحال ہیں۔