ہمارا صوبہ مختلف اقوام، قبیلوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ہے:جام کمال
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو پشتون کلچر ڈے کے موقع پر بی اے پی کے رہنما عبدالرحیم آغا نے روائتی پشتون پگڑی پہنچائی. اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے وزیراعلیٰ نے پشتون اقوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمارا صوبہ مختلف اقوام، قبیلوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والوں کا گلدستہ ہے. ہمارے صوبے کی منفرد ثقافت، روایات اور تہذیب و تمدن یہاں بسنے والے لوگوں کی پہچان ہے. وزیر اعلی نے کہا کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنے ثقافتی و روایتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں اور اس دن کو منانے کا مقصد ان تمام روایات، ثقافت اورمنفرد طرز زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی کوشش ہے صوبے کی ادبی تاریخ میں پشتون شعراء، ادیب مورخین اور مصنفین نے صوبے کی تہذیبی، ثقافتی، تاریخی اور روایتی ترجمانی احسن انداز سے کی ہے، پشتو ادب کے تاریخی اعتبار سے نمایاں نام اور روشن ستاروں میں خوشحال خان خٹک، رحمان بابا، حمزہ شنواری سمیت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پشتون شعراء عبدالعلی اخوندزادہ، پیر محمد کاکڑ، عابد شاہ عابد، فاروق سرور، عمرگل عسکر اور دیگر تمام شعراء اور ادبا نے اپنے کلام میں ہمیشہ پشتون قوم کو ملی یگانگت، ہم آہنگی،قومی یکجہتی، بہادری، اتحاد و اتفاق اور ہر قسم کے تعصب سے بالاتر مثبت اور تعمیری سوچ کا درس دیا ہے. انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کو ان تمام تعمیری پہلووں کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے اور صوبے کی بہترین عکاسی اور ترجمانی ہو سکے۔