وفاقی کابینہ نے 94 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ایمرجنسی میں استعمال ہونے والی 94 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا ویکسین کی قیمت آٹھ ہزار400 روپے رکھی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف فیصلے ہوئے اور عام گفتگو بھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں 17 نکات شامل تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں زیادتی کیسز کے قوانین کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں ںے تسلیم کیا کہ جنسی زیادتی کیسز کے ملزمان کو سخت ترین سزائیں ملنی چاہئیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ قوانین میں خامیاں ہیں جس کی وجہ سے ملزمان بچ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادتی کیسز سے متعلق قوانین سخت ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین سے متعلق کام جاری ہے۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ توانائی سیکٹرسے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں پاور سیکٹر سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ انرجی سیکٹر سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایسے معاہدے چاہتے ہیں جس سے بجلی سستی ہو اور خسارے میں بھی کمی آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انرجی سیکٹر سے متعلق کچھ روز میں پریس کانفرنس کریں گے۔

ا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے آر ایل این جی معاہدے سے متعلق بریف کیا اور خصوصی افراد کے لیے گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے فیصلے کی توثیق کی۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کے باعث کمرشل صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انرجی سیکٹر کے مسائل سے عوام کو آگاہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے